اسلام آباد: ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد نیب کی ٹیم نے آصف زرداری کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا۔
ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم جعلی اکاؤنٹس کیس میں پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی گرفتاری کے لیے سرگرم ہوگئی ہے۔
ذرائع کا کہناہے کہ آصف زرداری کے رکن پارلیمنٹ ہونے کے سبب نیب کو ان کی گرفتاری سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کرنا ضروری ہے جس کے لیے نیب کی ٹیم پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئی ہے جہاں ٹیم اسپیکر کو آصف زرداری کے وارنٹ کے بارے میں مطلع کرے گی۔
نیب ذرائع کے مطابق آصف زرداری کی گرفتاری آج ہی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور زرداری ہاؤس میں موجود ہیں جہاں زرداری اور بلاول بھٹو کی دیگر قیادت اور قانونی ٹیم کے ساتھ مشاورت جاری ہے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔