لاہور: جاتی امراء میں شہباز شریف کی مریم نواز سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ مریم نواز نے شہبازشریف کو نواز شریف کی صحت کے بارے میں آگاہ کیا۔ مریم نواز نے بلاول بھٹو زرداری کے افطار ڈنر اور اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات سے بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق فیملی معاملات کو خوش اسلوبی سے چلانے اور پارٹی میں متحرک کردار پر مریم کو سراہا گیا۔ شہبازشریف نے 28 مئی یوم تکبیر کے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مریم نواز کو شاباش دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ نالائق حکومت نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔ شریف فیملی پر آفتوں کے پہاڑ ضرور ہیں لیکن پہلے کی طرح مشکلات سے نکل جائیں گے۔ شریف فیملی متحد ہے، مخالفین باتیں کرتے رہتے ہیں۔
جبکہ مریم نواز نے شہباز شریف سے کہا کہ پارٹی معاملات میں آپ کی کمی شدت سے محسوس ہوتی رہی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ شہبازشریف نے پارٹی کا نائب صدر بننے پر مریم نوازکو مبارکباد بھی دی۔