ساہیوال، بھکر اور پشاور میں ٹریفک حادثات کے مختلف واقعات میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر وین میں گیمبر اڈا کے قریب آگ لگی جس میں گاڑی میں سوار بعض مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع نہیں ملا جس کے باعث ڈرائیور سمیت 9 افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اوکاڑہ منتقل کیا جہاں 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ وین میں آگ سی این جی سلنڈر کی لیکج کےباعث لگی۔
دوسری جانب بھکر میں مسافر بس او ٹرالر میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر بس کراچی سے مانسہرہ جارہی تھی اور ایم ایم روڈ پر فاضل کے قریب اسے حادثہ پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہناہےکہ حادثے میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔
علاوہ ازیں موٹروے پر چارسدہ کے قریب کار حادثے کا شکار ہوگئی جس میں 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں ڈائریکٹر ایجوکیشن شبنم شیریں اور ان کے والدین شامل ہیں جب کہ حادثے میں زخمی شخص کی حالت خطرے سے باہر ہے۔