اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کی اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چند دشمن عناصر قبائلی علاقوں کے غیور عوام کو ورغلا رہے ہیں، مگر ریاست ان عناصر کو امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔
جبکہ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شمالی وزیرستان میں دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے تین افسران اور ایک جوان کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر قبائلی علاقوں کے امن کی بحالی کے دشمن ہیں۔ قوم ان ناپاک سازشوں کے خلاف متحد ہے۔
