لاہور: وزیرمملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی ہے، جس میں زرتاج گل کو عہدے کا غلط استعمال کرنے پر نااہل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن عظمیٰ بخاری نے جمع کرائی، جس میں کہا گیا ہے کہ زرتاج گل نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپنی بہن شبنم گل کی بطور ڈائریکٹر نیکٹا تعیناتی کرائی جبکہ شبنم گل کا انسداد دہشتگردی میں کوئی تجربہ ہے نہ ہی کوئی ریسرچ ۔
قرارداد کے مطابق وہ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں بطوراسسٹنٹ پروفیسر تعینات تھی،ان سے نو سال بعد بھی پی ایچ ڈی مکمل نہیں ہوئی ہے۔
قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ناتجربہ کار خاتون کو نیکٹا جیسے ادارے کا سربراہ تعینات کرنے سے ادارے کی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے وزیر مملکت زرتاج گل کےخلاف آرٹیکل باسٹھ ون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم کے نوٹس پر زرتاج گل نے بہن کی تقرری کیلئے لکھا گیا خط واپس لے لیا ہے، وزارت موسمیاتی تبدیلی نے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا ہے جس میں 27 فروری کو زرتاج گل کی جانب سے لکھے گئے خط کی واپسی سے آگاہ کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر کی جانب سے خط کا مقصد صرف سی وی کی نشاندہی کرنا تھا۔ خط کے ذریعے اقربا پروری یا دباؤ ڈالنے کی کوشش نہیں کی گئی۔