پشاور: پشاور کی مقامی عدالت نے سڑک کی تعمیر کے منصوبے میں کرپشن کاالزام پر گرفتار امیرمقام کے صاحبزادے کی ضمانت منظور کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن کورٹ میں (ن) لیگ کے رہنما امیر مقام کے بیٹے اور کزن کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،اینٹی کرپشن عدالت کے جج سیدکمال حسین نے سماعت کی۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے امیر مقام کے بیٹے اشتیاق مقام اور کزن کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں پانچ 5لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا، اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے این ایچ اے کے تین اہل کاروں کی ضمانت بھی منظورکرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔
ترجمان (ن) لیگ پشاور اختیارولی نے عدالتی فیصلے پر کہا کہ مقدمہ جھوٹا اور سیاسی تھا،حکمرانوں کو شکست،حق اورسچ کی فتح ہے۔
واضح رہے کہ اشتیاق امیرکوشانگلہ الپوری روڈکی تعمیرمیں کرپشن پرگرفتارکیاگیا تھا۔