اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو بجٹ پیش کرنے سے روکنے کے لئے دائر درخواست خارج کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو بجٹ پیش کرنے سے روکنے کی درخواست کی سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کی،درخواست گزارکے موقف پر جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ رولز میں کہاں لکھا ہے کہ بجٹ کون پیش کرسکتا ہے درخواست گزارکی خاموشی پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ کوتیاری کرکے آنا چاہیئے ،ایسی درخواستیں اس عدالت میں نہ لایا کریں۔
بعد ازاں عدالت نےحفیظ شیخ کو بجٹ پیش کرنے سے روکنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مستردکردی۔
واضح رہے کہ چوبیس مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی جس میں حفیظ شیخ کو کام سے روکنے کی استدعا کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالت اسپیکر قومی اسمبلی کو وزیر خزانہ کی تقرری تک حکومت کو بجٹ پیش کرنے سے روکنے کا حکم دے اور عدالت درخواست پر فیصلہ تک حفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کے فرائض سر انجام دینے سے روکے۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ کسی بھی غیر منتخب شخص کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرے جبکہ حفیظ شیخ مشیر خزانہ ہیں اور انہوں نے ابھی تک حلف بھی نہیں اٹھایا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی، مشیر خزانہ اور سیکرٹری قانون کو درخواست میں فریق بنایا گیا تھا۔