اسلام آباد: نیب نے تئیس مئی کو آصف زرداری کو دوبارہ طلب کرلیا۔ نیب نے سابق صدر کو سوالنامے کے جوابات کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری جمعرات کو ایک بار پھر نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔ سابق صدر سے نیب کی تفتیشی ٹیم نے ایک گھنٹے تک چار مقدمات میں پوچھ گچھ کی۔
آصف زرداری سے کراچی میں زمین کے معاہدے سے متعلق جے وی اوپل کیس میں ایک اعشاریہ دو ارب روپے کی رشوت لینے اور ہریش کمپنی کو پانی سپلائی کی جعلی اکاؤنٹس سے ادائیگی سے جڑے سوالات پوچھے گئے۔
سابق صدر سے زین ملک اور مشتاق کے اکاؤنٹس میں آٹھ اعشاریہ تین ارب روپے کی خوردبرد اور پارک لین کمپنی کو قرضے کے حصول میں ان کے کردار سے متعلق بھی سوال پوچھے گئے۔
قومی احتساب بیور نے آصف زرداری کو 23 مئی کو دوبارہ طلب کرلیا ہے۔ نیب نے سابق صدر کو سوالنامے کے جوابات ساتھ لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔