اسلام آباد: ہائیکورٹ کے انٹرا کورٹ میں چیئرمین سینیٹ کے قائم مقام صدر بننے کی اجازت دینے کیخلاف اپیل دائر کردی گئی۔ اپیل میں سنگل بینچ کے فیصلے کو کالعدم دینے کی درخواست کی گئی ہے۔
قائم مقام صدر بننے کیلئے صادق سنجرانی کے حق میں فیصلہ آنے کے باوجود ان کی مشکلات برقرار ہیں۔ درخواست گزار نے ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی ہے جس میں ایک رکنی بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ سنگل بنچ کے فیصلے میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ صادق سنجرانی کم عمر ہیں، قائم مقام صدر نہیں بن سکتے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ صادق سنجرانی کو قائم مقام صدارت کیلئے نااہل قرار دیا جائے جبکہ بطور قائم مقام صدر صادق سنجرانی کے تمام فیصلے بھی کالعدم قرار دیئے جائیں۔
اپیل میں سیکرٹری قانون و انصاف اور چیئرمین سینیٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک رکنی بنچ نے صادق سنجرانی کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی تھی۔