کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کے باوجود عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت بلاول ہاوَس کراچی میں اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور مرتضیٰ وہاب شریک تھے۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے پارٹی چیئرمین کو اپنے محکمے کی کارکردگی پر بریفنگ دی، وزیرِ صحت نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو تھرپارکر اور لاڑکانہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں صحت کے حوالے درپیش مسائل اور ان کے حل کے متعلق بریفنگ دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو صحت کی بھتر سہولیات کی فراہمی پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔