بہاولپور: جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور میں پسند کی شادی کرنے پر لڑکی کی والدہ سمیت تین ملزمان نے گھر میں فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
دلخراش واقعہ بہاولپور کے علاقے خیرپور ٹامیولی میں پیش آیا، جہاں تین ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والی سونیا کی والدہ نے دیگر تین ملزمان کے ساتھ مل کر ارشد کے گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ سونیا سمیت تین افراد شدید زخمی ہوئے،واقعے کے بعد ملزمان موقع سےفرارہونےمیں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، جہاں انہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا،جاں بحق افراد میں ارشد کاوالد فیض بخش،ماموں محمد ابراہیم بھائی شاہد اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے۔
پولیس کے مطابق ارشد نے تین ماہ قبل سیالکوٹ کی تحصیل سمیڑیال کی رہائشی سونیا سے پسند کی شادی کی تھی، جس پر سونیا کے والدین کی طرف سے عدالت میں مقدمہ بھی دائر کررکھا تھا،تاہم سونیا نے عدالت میں اپنے شوہر کے حق میں بیان دیا تھاجس پر سونیا کے اہل خانہ نے طیش میں آکر فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق سونیا کی والدہ نے دھمکی دی تھی کہ وہ خود اپنے ہاتھوں سے ختم کرےگی۔