اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان بیل آؤٹ پیکج پر اتفاق رائے نہ ہوسکا تاہم مذاکرات کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پاکستان کے مطالبات ماننے سے گریزاں ہے، پاکستان نے شرائط میں نرمی کا کہا لیکن آئی ایم ایف نے انکار کردیا تاہم معاہدے کو حتمی شکل دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان معاہدے کی حتمی منظوری وزیراعظم سے لی جائے گی، اس سے قبل وزیراعظم نے اسٹاف لیول معاہدے کا مسودہ مسترد کردیا تھا۔
دوسری جانب حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے حکومت آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکیج پر دستخط نہیں ،، پاکستان کے معاشی سرینڈر کے کاغذات پر دستخط کررہی ہے ، اگلے چھ ماہ میں قوم وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کردے گی۔