نیو یارک: (قومی مقاصد نیوز) 10 مئی 2019: ٹائم میگزین نے نریندر مودی کو بھارت کی تقسیم کرنے والا شخص قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے ٹائم میگزین نے اپنے ٹائٹل پر انتہا پسند اور متعصب مودی کی تصویر لگا کر سرخی لگائی ہے کہ نریندر مودی نے بھارت کو تقسیم کرکے رکھ دیا ہے ۔ بی جے پی کی حکومت میں انتہا پسندی اور تنگ نظری عروج پر رہی جبکہ اقلیتوں کا جینا دوبھر ہوگیا ۔ اور عالم یہ ہے کہ مسلمان ہوں یا دوسری اقلیت آج خوف زدہ ماحول میں سانس لے رہے ہیں۔
جریدے کے مطابق دو ہزار چودہ میں مودی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد اقلیت خوف و ہراس کا شکار نظر آئے۔مودی نے وعدے کیے بھارت کی ترقی کے لیکن افسوس ناک امر یہ ہے کہ پانچ برسوں میں بھارت معاشی طور پر تباہی کے دہانے پر آکھڑا ہوا ہے۔
جریدے کے مطابق مودی نے انتہا پسندی اور تشدد کی سیاست کی وہ بنیاد رکھی ہے جو بھارت کی جڑوں کو کھوکھلا کرگئی ہے۔
مودی بھارت کو صرف ایک قوم کا دیس بنانے پر تلے ہوئے ہیں جبھی انہیں اور ان کے وزیروں کو مسلمان ، سکھ ، دلت اور دوسرے اقلیت ایک آنکھ نہیں بھاتے ۔ جن کے خلاف آئے روز کسی نہ کسی گاؤں دیہات میں دل دہلا دینے والے واقعات پیش آرہے ہیں۔
مودی نفرت اور تعصب کا زہر گھول کر اپنے اقتدار کو طوالت دینا چاہتے ہیں اور یہی عمل وہ انتخابی مہم میں بھی دہرا رہے ہیں۔