اسلام آباد(قومی مقاصد نیوز) 09 مئی 2019: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم وزراء خارجہ اجلاس میں پاکستان اور بھارت کے وزراء خارجہ کے درمیان ہاتھ ملانے اور آمنا سامنا کرنے کے امکانات ہیں تاہم کوئی باضابطہ ملاقات طے نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی دفاعی بجٹ میں اضافہ خطے کو اسلحہ کی دوڑ میں لے جانے کی کوشش ہے لیکن بھارت کو معلوم ہونا چاہیے کہ بجٹ میں اضافہ سے کچھ نہیں ہوتا 27 فروری کو دفاعی بجٹ میں اضافہ کی اہمیت تو پتہ چل گئی ہو گی جبکہ ہمارا ایمان ہے کہ وطن کی حفاظت کے لئے جذبہ اہم ہوتا ہے۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدہ صورتحال پر گہری نظر ہے ہم تنازعات کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے حامی ہیں۔
ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں مزید تین افراد شہید ہوئے ہیں جبکہ بھارت نے کئی صحافیوں کو بھی زیرحراست رکھا ہوا ہےڈاکٹر فیصل نے واضح کیا کہ بھارتی ہائی کمشنر کی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات معمول کا حصہ ہے،بھارت میں پاکستانی روح افزا کی قلت کے بارے سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ اگر ہمارے روح افزا سے بھارت میں پیاس بجھتی ہے تو ہم ضرور بھجوا دیں گے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں آسیہ بی بی کی پاکستان سے روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزاد شہری کی حیثیت سے جہاں چاہے جا سکتی تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ بیرونِ ملک پاکستانی سفارتخانوں میں خالی عہدوں پر بھرتیوں کا عمل جاری ہے ۔ڈاکٹر فیصل نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ ہم نے افغانستان کی طرف سے سرحد پر پاکستانی فوجیوں پر حملوں کے معاملے پر احتجاج کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ لیبیا میں صورتحال بہت خراب ہے اور اقتدار کی جنگ جاری ہے پاکستانی مشن لیبیا میں اپنے شہریوں کی حفاظت اور مدد کے لئے ضروری اقدامات کر چکی ہے اور پاکستانی کمیونٹی کو سفارتخانے میں رجسٹرڈ کر لیا گیا ہے ۔