اسلام آباد: (قومی مقاصد نیوز) 09 مئی 2019:وزارت قانون نے ٹیکس امور کے ماہر شبر رضا زیدی کو اعزازی طور پر چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کی سفارش کردی۔
وزارت قانون کی جانب سے شبر زیدی کو 2 سال کے لیے اعزازی چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کی سمری تیار کی گئی ہے۔
سمری کے متن کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے شبر زیدی کو باقاعدہ چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے پر اعتراض اٹھائے تھے اس لیے انہیں اعزازی طور پر چیئرمین تعینات کرنے میں کوئی قانونی یا آئینی رکاوٹ نہیں۔
وزارت قانون کی سمری کے مطابق شبر زیدی کو تمام مراعات کے ساتھ چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آئے گا۔
سمری میں کہا گیا ہے کہ شبر زیدی ایف بی آر کو بطور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بریفنگ دیتے رہے ہیں، اس سے مفادات کے ٹکراؤ کا پہلو بھی سامنے آتا ہے اس لیے مفادات کے ٹکراؤ کے مسئلے پر بھی غور کیا جائے۔
وزارت قانون کی سمری میں موجودہ چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان کو او ایس ڈی بنانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔