اسلام آباد:(قومی مقاصد نیوز) 09 مئی 2019: احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کی سماعت 21 مئی تک کے لیے ملتوی کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی تو اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہشمیرہ فریال تالپور کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
جعلی اکاؤنٹس کیس کے تفتیشی افسر پیش نہیں ہوئے جن کے حوالے سے نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ تفتیشی افسر علی احمد ابڑو سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔
ریفرنس کی نقول فراہم نہ کیے جانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، جج ارشد ملک نے کہا کہ اگر ریفرنس کی نقول فراہم نہیں کی جارہی تو ٹرائل کیسے چلے گا۔
فاضل جج نے استفسار کیا ریفرنس کی کاپیوں کی تیاری کب تک ممکن ہے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا 28 کاپیاں تیار ہوئی ہیں باقی کی تیاری کے لیے 10 دن کا وقت درکار ہوگا۔
عدالت نے ہدایت کی کہ ریفرنس کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کی جائیں جس کے بعد کیس کی مزید سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی گئی۔