لاہور(قومی مقاصد نیوز) 08 مئی 2019: لاہور میں داتا دربار کے باہر دھماکا کرنے والے مشتبہ خودکش حملہ آور کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔
سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سے حاصل کی گئی تصویر پر دیکھا جاسکتا ہے کہ مشتبہ حملہ آور ایلیٹ فورس کی گاڑی کے پاس پہنچا، مشتبہ حملہ آور کی تصویر پر وقت 8 بجکر 54 منٹ لکھا نظر آ رہا ہے،مشتبہ خودکش حملہ آور نے سیاہ رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب داتا دربار کے مزار پر تعینات ایلیٹ فورس کی گاڑی پر ہونے والے دھماکے میں شہدا کی تعداد دس ہوگئی ہے جبکہ آئی جی پنجاب نے حملہ خودکش قرار دیا ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ داتا دربار لاہور کے قریب ہونے والا دھماکا خود کش ہے، جس میں ایلیٹ فورس کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا۔