دبئی: پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے پروفیشنل کیریئر کی پہلی فائٹ مراکشی باکسر ابراہیم کو شکست دے کر جیت لی۔ دبئی میں ہونے والے ایونٹ میں باکسر عامر خان کی بھی خصوصی شرکت۔
دبئی میں ہونے والے باکسنگ ایونٹ میں جب عثمان وزیر کا نام پکارا گیا تو وہ گلگت بلتستان کے روایتی لباس پہنے ایرینا داخل ہوئے۔ عثمان وزیر نے تریسٹھ اعشاریہ پانچ کلو گرام کی کیٹیگری میں مراکشی باکسر براہیم کا سامنا کیا جو کہ ایک منجھا ہوا باکسر تسلیم کیا جاتا ہے لیکن وہ بھی عثمان وزیر کے تابڑ توڑ مکوں کا سامنا نہ کرسکا اور میچ ججز کے فیصلہ کے مطابق عثمان وزیر چاروں راؤنڈز میں فاتح قرار پائے۔
اس ایونٹ میں عثمان وزیر کی حوصلہ افزائی کے لئے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے خصوصی طور پر شرکت کی اور میچ سے قبل عثمان وزیر کو اسپیشل ٹریننگ بھی دی۔ جیت کے موقع پر عثمان وزیر نے رنگ میں پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے کہا کہ یہ جیت پاکستان کی جیت ہے اور وہ عامر خان کے بھرپور تعاون پر ان کے شکر گذار ہیں اور پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے عامر خان کی کاوشوں کو پوری دنیا جانتی ہے۔
یاد رہے کہ عامر خان کے انڈر کارڈ عثمان وزیر کی فائٹ نیویارک میں ہونا طے پائی تھی تاہم ویزے کے مسائل پیش آنے پر یہ فائٹ دبئی منتقل کردی گئی-