وزیر اعظم عمران خان بلوچستان کے دورے کے دوران کوئٹہ پہنچ گئے، جس کے بعد وہ گوادر کا بھی دورہ کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم کوئٹہ پہنچے، جہاں وہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کیمپس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم اپنے دورے میں گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات کریں گے۔
ساتھ ہی عمران خان کوئٹہ میں کارڈیک سینٹر کا سنگ بنیاد رکھیں گے جبکہ اس کے علاوہ کچلاک تا ژوب سڑک کو دو طرفہ کرنے کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔
کوئٹہ کے دورے کے بعد وزیر اعظم آج ہی گوادر جائیں گے، جہاں وہ گوادر ایکسپو کی 2 روزہ اختتامی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ عمران خان گوادر بین الاقوامی ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
خیال رہے کہ گوادر میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کے منصوبے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیونکہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں گوادر کافی اہمیت کا حامل ہے۔
بلوچستان کے دورے میں وزیر اعظم گوادر ریلوے لائن منصوبے کا افتتاح بھی کریں گے اور وہاں کے سیاسی و قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات متوقع ہے۔