کراچی (23 مارچ 2019) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے برطانوی سامراج کے سندھ پر حملے کے خلاف لڑ کر جام شہادت نوش کرنے والے جرنیل شہید ہوش محمد شیدی المعروف ہوشو شیدی کو ان کی 176 ویں یومِ شہادت کے موقعے پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ایک چھوٹی سی فوج اور مختصر جنگی ساز و سامان سے اپنے دور کے سپر پاور کو للکار کر تاریخ میں ایک ایسا مقام حاصل کرلیا، جس پر عزت و احترام کا سورج ہمیشہ چمکتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت، دشمن کے خلاف مزاحمت اور زندگی کی آخری گھڑی تک ثابتقدم رہنے کا نام شہید ہوش محمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعتاً برطانوی کالونائیزیشن کے خلاف شہید ہوش محمد شیدی سے شروع ہونے والی لڑائی مختلف مراحل سے گذرتی ہوئی 14 اگست 1947ع کو اختتام پذیر ہوئی۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید ہوش محمد کا شہرہ آفاق نعرہ “مرسوں مرسوں، سندھ نہ ڈیسوں” جنگ میں پرچم کی مثل ہے اور اگر دشمن نے ہماری مادرِ وطن کی طرف میلی آنکھ اٹھائی تو ہم میں سے ہر پاکستانی میدان جنگ میں ہوگا اور زبان پر “مرسوں مرسوں، پاکستان نہ ڈیسوں” کا نعرہ ہوگا۔
